بھٹکل 30 جون (ایس او نیوز) یہاں شمس الدین سرکل پر ایک تیز رفتار بائک بے قابو ہوکر ایک پرائیویٹ بس سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں بائک سوارعبدالبدیع قاضیا(۲۰) شدید زخمی ہوگیا، اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ جمعرات کی شب قریب 9:45 بجے پیش آیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ بس کنداپور سے بھٹکل پہنچ کر سرکل پر گھوم رہی تھی کہ اچانک پیچھے سے بائک کافی تیز رفتاری کے ساتھ بس سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی بائک سوار بس سے ٹکرانے کے بعد قریبی کھمبے سے بھی ٹکراگیا، جس کے نتیجے میں اُسے کافی چوٹیں آئی ہیں۔ حادثے میں بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار ذیشان سنہری (۱۶) کو معمولی خراشیں آئی ہیں۔
ذیشان نے بتایا کہ وہ دونوں بھٹکل اولڈ بس اسٹائنڈ سے اپنے مکان موسیٰ نگر جارہے تھے، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی بھٹکل ٹائون پی ایس آئی ریوتی اپنے عملہ کے ساتھ موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا، بعد میں سرکاری اسپتال پہنچ کرحادثے کے تعلق سے جانکاری حاصل کی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں نوجوان اسپتال کے باہر جمع ہوگئے تھے۔